وزیر تجارت کی جاپان کے سینئر بدھ راہب سے ملاقات، مذہبی سیاحت پرگفتگو
کراچی(بزنس ڈیسک)ایکسپو 2025 اوساکا کے سرکاری دورے ،کے دوران، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان کے تجارتی، سرمایہ کاری، سیاحتی، اور ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے کئی اعلیٰ سطح ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر جام کمال خان نے شوگوئن مونزیکی کے 79 ویں سربراہ راہب، جو کیوٹو بدھسٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل بھی ہیں سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد مذہبی سیاحت، بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان و جاپان کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ گفتگو کے دوران پاکستان کے روحانی ورثے اور قدیم بدھ مت آثار، بالخصوص گندھارا تہذیب سے منسلک مقامات، کو مستقبل میں مذہبی زیارات اور ثقافتی تبادلے کے مواقع کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ راہب نے پاکستان میں گہری دلچسپی اور مکمل تعاون کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کا ایک وفد کے ساتھ دورہ کرنے کا وعدہ کیا اور جاپان بھر کے دیگر بدھ مراکز کو بھی پاکستان کے گندھارا مقامات کی زیارت اور ثقافتی دوروں کی ترغیب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔