اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کا اجلاس 16 جون کو طلب

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی زری پالیسی کمیٹی کا اہم اجلاس پیر 16 جون کو گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں آئندہ دو مہینوں کیلئے زری پالیسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
مرکزی بینک کی جانب سے اسی روز زری پالیسی کا تفصیلی بیان پریس ریلیز کے ذریعے جاری کیا جائیگا۔ اقتصادی ماہرین اور مالیاتی منڈیوں کی نظریں اس اہم اجلاس پر مرکوز ہیں کیونکہ حالیہ مہینوں میں مہنگائی کی شرح، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر جیسے عوامل شرح سود کے تعین میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مالیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مہنگائی میں کمی کے آثار مستحکم نظر آئے تو اسٹیٹ بینک شرح سود میں کمی پر غور کر سکتا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔