مالی سال 25 میں ریکارڈ 35 ہزار کمپنیوں کی رجسٹریشن
کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)نے مالی سال 2025 کے دوران کارپوریٹ رجسٹری میں اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبے میں بے مثال ترقی حاصل کی ہیں۔
ایس ای سی پی نے مالی سال 2025 میں 35 ہزار سے زائد کمپنیوں کی رجسٹریشن ریکارڈ کی جو کہ کسی بھی مالی سال میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے ۔جنوری میں 3,442 اور مئی میں 3,605 کمپنیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ماہانہ رجسٹریشن کی تاریخی بلند ترین سطح حاصل کی گئی، اب رجسٹری میں2لاکھ 58ہزارسے زائد کمپنیاں شامل ہیں جن میں سے 99.9 فیصد رجسٹریشنز آن لائن مکمل کی گئی ہیں۔یہ بے مثال اضافہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے ۔ ای زی فائل پلیٹ فارم کو نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا ہے جس میں انتظامیہ میں تبدیلیوں کی لازمی ڈیجیٹل تصدیق اور سائبر سیکیورٹی کے اصول جاری کیے گئے ہیں۔ کاروباری آسانیوں کو فروغ دینے کیلئے مالیاتی اداروں کو رہن کے ڈیٹا تک فوری رسائی فراہم کرنے کی غرض سے الیکٹرانک مارگیج رجسٹر متعارف کرایا گیا ہے۔