اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ ساز ہفتہ : 100 انڈیکس نئی بلندیوں پر
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے رواں کاروباری ہفتہ انتہائی تاریخی اور ریکارڈ ساز ثابت ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور سیاسی و معاشی استحکام نے 100 انڈیکس کو نئی بلندی پر پہنچا دیا۔
ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق انڈیکس میں 1,827 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 1.30 فیصد اضافے کے ساتھ 1,41,034 پوائنٹس پر بند ہوا جو کہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے ، اس دوران سرمایہ کاروں نے 2.81 ارب حصص کی خرید و فروخت کی، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 180 ارب روپے رہی۔ یہ غیر معمولی کاروباری حجم نہ صرف ادارہ جاتی بلکہ چھوٹے سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کا ثبوت ہے ۔مارکیٹ میں تیزی کے باعث مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 218 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مجموعی مالیت 16,906 ارب روپے تک جا پہنچی۔مارکیٹ کی تیزی کی وجوہات میں افراطِ زر میں واضح کمی، شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقعات، روپے کی قدر میں استحکام،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بہتری،پاک امریکا تجارتی روابط میں پیش رفت،غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور حکومتی معاشی ریفارمز شامل ہیں۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ رجحان اگلے ہفتوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے ، بشرطیکہ سیاسی و مالیاتی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے۔