رومانیہ کی پاکستان کو گرین انرجی ٹیکنالوجی دینے کی پیشکش

 رومانیہ کی پاکستان کو گرین انرجی ٹیکنالوجی دینے کی پیشکش

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ رومانیہ کی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے یہ بات رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارتی، دفاعی، توانائی اور تکنیکی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔رومانیہ کے سفیر نے پاکستانی برآمدات کے لیے کنسٹانزا بندرگاہ استعمال کرنے کی تجویز پیش کی، جسے وفاقی وزیر نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بندرگاہ تک رسائی پاکستانی برآمدات کے لیے لاجسٹکس میں تنوع پیدا کرے گی اور یورپی منڈیوں تک رسائی کو مزید آسان بنائے گی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی، گوشت، دواسازی، سرجیکل اور گرین انرجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سفیر اسٹونیسکو نے پاکستان کو شمسی اور ہوا سے بجلی بنانے کی جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی اور پاکستانی صنعتی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے صنعتی شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی۔وفاقی وزیر نے رومانیہ کے سفیر کو بتایا کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہرین دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ اس پر سفیر نے پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رومانیہ ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں