ڈالر کی قدرمیں کمی ،تولہ سونا 500روپے مہنگا
کراچی (بزنس رپورٹر)انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔ ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 282 روپے 66 پیسے پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 282 روپے 72 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر اضافے کے ساتھ 3368 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 429 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 59 ہزار 500 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 8 ہزار 213 روپے ہوگئی۔ دریں اثناچاندی کی فی تولہ قیمت 3953روپے پر مستحکم رہی۔