مائی کراچی نمائش کااختتام،350سے زائد اسٹالز لگائے گئے
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی چیمبر کے زیرِ اہتمام 20 ویں مائی کراچی اوسس آف ہارمونی نمائش شاندار کامیابی کے ساتھ کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔
نمائش سے کراچی کی کاروباری صلاحیت، ثقافت اور بے پناہ معاشی مواقع اجاگر ہوئے اس رنگا رنگ تین روزہ نمائش میں تقریباً 8 لاکھ افراد نے شرکت کی جبکہ مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کے 350 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ۔یہ ایک ایسا پلیٹ فارم بن کر ابھرا جہاں تجارت، ثقافت، سفارتکاری اور جدت نے یکجا ہو کر ایک نئی روح پھونکی۔کراچی چیمبر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ مائی کراچی اوسس آف ہارمونی 21ویں نمائش اگلے سال 6 سے 8 فروری 2026 کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔رواں سال کی نمائش میں ملٹی نیشنل برانڈز، سفارتی مشنز، خواتین کاروباری تاجر،طبی وتعلیمی اداروں نے شرکت اور مصنوعات و خدمات 20 سے 50فیصد تک رعایتی نرخوں پر پیش کیں جس نے اس نمائش کو عوام دوست بنا دیا۔چیئرمین بی ایم جی چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ 21ویں مائی کراچی نمائش میں بین الاقوامی شرکت اور لوگوں کے لیے مزید بہتر سہولیات کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال نمائش میں 7 سفارتی مشنز اور 20 سے زائد ملٹی نیشنل کمپنیوں نے شرکت کی جنہوں نے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کیں۔