اسٹاک ایکسچینج:پہلی بار1لاکھ 42 ہزار کی تاریخی حد عبور

اسٹاک ایکسچینج:پہلی بار1لاکھ 42 ہزار کی تاریخی حد عبور

کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی )آئی ایم ایف کی ایماء پر حکومت کا گردشی قرضوں کے خاتمے کیلئے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کو رقم دینا ، ریکوڈک منصوبے میں مثبت پیشرفت ہونا، پاک امریکا تجارتی تعلقات کاآگے بڑھنا۔۔۔

چین سے اسٹریٹیجک معاہدوں پر مشاورت ہونا اور فنانس بل میں بزنس کمیونٹی کو ریلیف فراہم کرنے سے کاروباری ہفتے کے پہلے روزپاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی۔ 100 انڈیکس نے تاریخ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ اور بند ہونے کے دو نئے ریکارڈر قائم کردیے ۔اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار مثبت انداز میں ہوا ،اسکے بعد 100 انڈیکس برق رفتاری سے 1 لاکھ 41 ہزار کی حد سے پہلی بار 1 لاکھ 42 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرگیا۔ سرمایہ کاری میں مسلسل اضافے سے 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ 1288 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 42 ہزار 323 پوائنٹس کی ریکارڈ نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ۔دن بھر آئل اینڈ گیس ، فارما ، آٹو اور سیمنٹ کے شیئرز میں جم کر کام ہوا ،اسی نتیجے میں 100انڈیکس دن بھر 1لاکھ 41 ہزار اور 1 لاکھ 42 ہزار کے درمیان گھومتا رہا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1017پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1لاکھ 42ہزار52 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس372.19پوائنٹس بڑھ کر 43706.73 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1699.59پوائنٹس بڑھ کر 202816 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 513 پوائنٹس بڑھ کر 87831.79 پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی طور پر 482 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 247 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 206میں کمی اور 29 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دوسری جانب مسلسل ریکارڈ تیزی سے اسٹاک مارکیٹ کا حجم 89 ارب روپے بڑھ کر 16 ہزار 995 ارب روپے رہا۔گزشتہ روز 66 کروڑ 63 لاکھ 72 ہزار 806 روپے مالیت شیئرز کے سودے 42 ارب 92 کروڑ 43 لاکھ 96 ہزار 299 روپے میں طے ہوئے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں