امریکی ٹیرف کے فوائد پیداواری لاگت میں کمی سے مشروط

 امریکی ٹیرف کے فوائد پیداواری لاگت میں کمی سے مشروط

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستانی مصنوعات پر خطے میں سب سے کم ٹیرف عائد کیا ہے جو ملک کی برآمدات کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس موقع سے بھرپورفائدہ اٹھانے کیلئے صنعتکاروں کو پیداواری لاگت کم کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا نے بھارت پر 50 فیصد، بنگلہ دیش اور ویتنام پر 20 فیصد جبکہ پاکستان پر صرف 19 فیصد ٹیرف عائد کیاہے جو ایک واضح تجارتی فائدہ ہے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکسز اور بجلی و گیس کی بلند قیمتیں اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں رکاوٹ ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صنعتی شعبے کے لیے توانائی کے نرخوں میں فوری کمی کرے تاکہ پیداواری لاگت کم ہو اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی بن سکیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر لاگت کم ہو تو پاکستان سے امریکا کو ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں