اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی اختتام،33ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی اختتام،33ارب خسارہ

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں جاری7روزہ تیزی کا اختتام بالآخر کاروباری ہفتے کے آخری ٹریڈنگ سیشن میں ہوگیا۔۔

جمعہ کو اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز گرین زون سے ہوا اور انڈیکس کچھ ہی دیر بعد 1 لاکھ 45 ہزار کی نفسیاتی حد سے بڑھ کر 1150 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 46 ہزار 813 پوائنٹس کی بلند ترین نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ۔دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس پہلے ٹریڈنگ سیشن میں مسلسل ریکارڈ تیزی کے ساتھ ٹریڈ ہوتا رہا ،تاہم دوسرے اور آخری ٹریڈنگ سیشن میں 100 انڈیکس کے پاؤں لڑکھڑانے لگے جسکی بنیادی پرافٹ ٹیکنگ رہی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 264 پوائنٹس کی کمی سے 1لاکھ 45 ہزار 382 پوائنٹس پر بند ہوا۔واضح رہے کہ انڈیکس مسلسل سات ٹریڈنگ سیشن کے بعد منفی زون میں بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 143 پوائنٹس کی کمی سے 44614پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1003 پوائنٹس گھٹ کر 206959 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس81پوائنٹس کی کمی سے 89824 پوائنٹس حد پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو33ارب روپے کا خسارہ ہواجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 17 ہزار 342ارب روپے رہا ۔مجموعی طور پر482 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 151 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 296 میں کمی اور 35  میں استحکام رہا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں