بولٹن مارکیٹ میں کسٹم کے چھاپے ،تاجروں کا شدید احتجاج

 بولٹن مارکیٹ میں کسٹم کے چھاپے ،تاجروں کا شدید احتجاج

کراچی(بزنس رپورٹر)بولٹن مارکیٹ میں کسٹم حکام کے مبینہ چھاپے، دکانوں کے تالے اور کیمرے توڑنے اور مال ضبط کرنے کے واقعے پر تاجر تنظیموں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے ہنگامی پریس کانفرنس کی اور غیر معینہ مدت تک ہڑتال اور سڑکیں بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

صدر بولٹن مارکیٹ غنی میمن نے الزام لگایا کہ رات گئے بغیر اطلاع آپریشن کر کے دکانوں کے تالے توڑے گئے ، کیمرے تباہ کیے گئے اور مال ضبط کیا گیا، جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چھاپے فوری نہ رکے تو ایم اے جناح روڈ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی جائے گی اور عدالت سے رجوع بھی کیاجائیگا۔چیئرمین اسمال ٹریڈرز محمود حامد نے کہا کہ دو ہفتے قبل سونے کے تاجر کو قتل کیا گیا لیکن تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہوئے ۔ ان کے مطابق کراچی سے ایک سال میں چالان کی مد میں 9 ارب سے زائد وصول کیے گئے مگر تاجروں کو تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا۔ صدر سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ نے حکومت کو 72 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر نوٹس نہ لیا گیا تو مشاورتی اجلاس کے بعد سخت لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ، بصورت دیگر شہر بھر میں کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں