چین کو مکئی کی برآمد،ٹڈاپ کا آج سے خصوصی سیمینار
کراچی(بزنس ڈیسک) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقامی مکئی کے کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمزکے ساتھ طے پانے والے۔۔۔
مکئی برآمداتی پروٹوکول سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کیلئے خصوصی سیمینارز کا انعقاد کر رہی ہے۔یہ سیمینارز 11، 12 اور 13 اگست کو پنجاب کے مکئی پیدا کرنے والے اہم اضلاع میلسی، اوکاڑہ اور ساہیوال میں منعقد ہوں گے جبکہ خطے کے مزید اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کیلئے وہاڑی میں ایک اضافی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔چین کے ساتھ مکئی برآمداتی پروٹوکول کے حالیہ معاہدے کے بعد یہ سیمینارز پاکستانی اسٹیک ہولڈرز کو چین کے سخت معیار اور تعمیل کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے تیار کرنے کے مقصد سے منعقد کیے جا رہے ہیں، تاکہ دنیا کی سب سے بڑی مکئی مارکیٹ جو 2023 میں 9.01 ارب ڈالر کی درآمدات پر مشتمل تھی تک مستقل رسائی حاصل کی جا سکے ۔ سیمینارز میں شرکاء کوجی اے سی سی رجسٹریشن کے طریقہ کار، تعمیل کے تقاضوں اور کامیاب برآمدات کیلئے ضروری معیار کی اسناد کے حوالے سے جامع رہنمائی فراہم کی جائے گی۔