افغانستان :پاکستان سے برآمد شدہ ‘‘بیماری سے متاثرہ ’’لیموں واپس
کابل (این این آئی)افغانستان نے پاکستان سے درآمد کیے گئے 15 ٹن لیموں کینکر بیماری سے متاثرہ اور ناقابل استعمال ہونے کی وجہ سے واپس بھیج دیے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبائی ڈائریکٹر زراعت مولوی ولی محسن نے تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ ‘اسلامی امارت کے ضوابط کے تحت صرف معیاری اور صحت مند پھل و سبزیاں ہی درآمد کی جائیں ،تاکہ صارفین اور مارکیٹ دونوں کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔ماہرین کے مطابق کینکر ایک خطرناک بیماری ہے جو لکڑی دار پودوں خصوصاً ترشاوہ پھلوں (سٹرس فروٹس)کو متاثر کرتی ہے ۔ یہ بیماری پھلوں کی نشووونما کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور کئی تجارتی اقسام، خصوصاً کینو اور لیموں اس کا سب سے زیادہ شکار ہوتی ہیں۔ شدید انفیکشن کی صورت میں پتے جھڑ جاتے ہیں، ٹہنیاں سوکھ جاتی ہیں اور پھل قبل از وقت گر جاتے ہیں۔