ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم،سونا 500روپے سستا
کراچی(بزنس ڈیسک)کامیاب سفارتی رابطوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات کے باعث منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم رہا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی شرح تبادلہ میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔
امریکا کی توانائی، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور کرپٹو سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی توقعات اور امریکا کی ٹیرف پالیسی کے تحت برآمدات بڑھنے کے امکانات نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا۔کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 20 پیسے کمی سے 282.25 روپے تک گر گئی، تاہم درآمدی ادائیگیوں کے باعث اختتامی شرح 4 پیسے کمی کے بعد 282.41 روپے رہی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 284.90 روپے پر مستحکم بند ہوا۔گیلپ سروے کے مطابق پاکستانی کاروباری اداروں کا ملکی معیشت پر اعتماد 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچا ہے ، جس نے زرمبادلہ مارکیٹ میں مثبت رجحان پیدا کیا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کمی سے 3,356 ڈالر ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے گئے جہاں فی تولہ سونا 500 روپے کمی کے ساتھ 3,58,300 روپے جبکہ فی 10 گرام سونا 429 روپے کمی سے 3,07,184 روپے کا ہوگیا۔