آسیان ممالک کیساتھ تجارتی عدم توازن دور کرنے پر زور
کراچی (این این آئی)وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان بڑے تجارتی عدم توازن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے دور کرنے پرزور دیا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اورآسیان ممالک کی دو طرفہ تجارت کا حجم 9.06 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے لیکن پاکستان کی برآمدات آسیان ممالک کو صرف 2.2 ارب ڈالر ہیں جبکہ درآمدات 6.8 ارب ڈالر کے حجم پر ہیں جن کا 90 فیصدحصہ ملائیشیا، تھائی لینڈ، ویتنام، فلپائن اور انڈونیشیا سے آتا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیڈریشن ہاؤسکراچی میں آسیان ڈے کی اعلیٰ سطح تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف آسیان ممالک کے سفارتکاروں، صنعتکاروں،سرکاری افسران، برآمدکنندگان اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آسیان ممالک نے عالمی مارکیٹ میں مینوفیکچرنگ اور سروسز میں قابل ذکر ترقی کر لی ہے اور ایف پی سی سی آئی پاکستانی صنعتی و تاجر برادری کے لیے آسیان کے ساتھ بہتر تجارتی مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ حکمتِ عملی بنانے کا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے ۔