زری و مالی استحکام یقینی بنانے کیلئے کوشاں ،گورنراسٹیٹ بینک

 زری و مالی استحکام یقینی بنانے کیلئے کوشاں ،گورنراسٹیٹ بینک

کراچی(بزنس رپورٹر) گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ادارہ زری اور مالی استحکام یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے ،مضبوط معاشی بنیادیں استوار کرنے اورعوام کی خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں انہوں نے بتایا کہ مئی 2023ء میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد کی بلند ترین سطح پر تھی،تاہم حکومت اور اسٹیٹ بینک کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں یہ مئی 2024ء میں 11 فیصد اور مئی 2025ء میں مزید کم ہو کر 3.2 فیصد تک آگئی۔ جمیل احمد نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے بعد اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی کی تاکہ قرض کے حصول کو آسان بنا کر کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے ۔ موجودہ مانیٹری پالیسی کا بنیادی مقصد قیمتوں میں استحکام اور معیشت کو دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن رکھناہے ۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025ء کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر میں تین گنا اضافہ ہوا اور یہ 14.5 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے ۔ 14 سال بعد جاری کھاتے میں پہلی مرتبہ سرپلس ریکارڈ کیا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 38 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر نے نمایاں کردار ادا کیا ۔گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کیلئے ایسے اقدامات کیے گئے جن سے قرضوں میں اضافہ نہیں ہوا۔جمیل احمد نے کہا کہ ان پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی عالمی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی جس سے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں