اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مندی پر اختتام
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں کاروباری ہفتے کا اختتام معمولی مندی کے ساتھ ہوا۔کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس دن کی بلند ترین سطح 147,534.41 پوائنٹس پرجاپہنچا۔
بعد ازاں سیشن کے اختتامی لمحات میں منافع کے حصول کی غرض سے ہونے والی فروخت کے باعث انڈیکس منفی زون میں داخل ہو گیا۔ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں نے ہفتہ وار پوزیشنز کو متوازن کرنے کی حکمت عملی اختیار کی جس کے باعث سیشن میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا اور انڈیکس 147,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے اوپر برقرار نہ رہ سکا۔ ہفتے کے اختتام سے قبل محتاط رویے نے ٹریڈنگ کے مجموعی مزاج کو متوازن رکھا جبکہ سرمایہ کار آئندہ ہفتے کے ممکنہ رجحانات کا انتظار کرتے دکھائی دیے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 37.67 پوائنٹس یا 0.03 فیصد کمی نکی کمی سے 146491 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس22پوائنٹس کی کمی سے 44832پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 112پوائنٹس کی کمی سے 90536پوائنٹس پر بند ہوا۔ شیئرز کی مالیت 40.89 ارب روپے سے گھٹ کر 32.88 ارب روپے ہو گئی۔مجموعی طور پر 479 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 226 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،219میں کمی اور 34میں استحکام رہا۔