پی اینڈ جی کا پاکستان میں ڈسٹری بیوٹر ماڈل اپنانے کا اعلان
کراچی(بزنس ڈیسک)پی اینڈ جی کی عالمی حکمتِ عملی کے تحت کمپنی نے پاکستان میں اپنے کاروبار اور آپریٹنگ ماڈل میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے اور صارفین کی بہتر خدمت جاری رکھنے کیلئے تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹر ماڈل میں منتقل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت پی اینڈ جی پاکستان اور جِلیٹ پاکستان لمیٹڈ کی پیداواری اور تجارتی سرگرمیاں بتدریج ختم کر دی جائیں گی جبکہ صارفین کو پی اینڈ جی کی مصنوعات خطے میں موجود دیگر آپریشنز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔کمپنی اس پورے عمل کے مکمل ہونے تک کاروبار معمول کے مطابق جاری رکھے گی جس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔اس فیصلے کے تحت جن ملازمین کی ملازمتیں متاثر ہوں گی، انہیں یا تو کمپنی کے بیرونِ ملک آپریشنز میں مواقع فراہم کیے جائیں گے یا پھر مقامی قوانین اور پی اینڈ جی کے اقدار و اصولوں کی پالیسی کے مطابق علیحد گی پیکیجز کی پیشکش کی جائے گی۔