اسٹاک ایکسچینج:1241پوائنٹس کی مندی ،103ارب خسارہ
حصص کی فروخت کا دباؤ، 100انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار 444 پوائنٹس پر بند 484کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ،174میں اضافہ،269کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)پاک افغان کشیدگی کی شدت میں اضافہ اور انشورنس سیکٹر کی جانب سے بڑے پیمانے پر حصص فروخت کرنے کا رجحان کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کو تیزی سے مندی کی جانب دھکیل گیا۔ 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا آغاز 593 پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 66 ہزار 280 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا، انڈیکس کی بڑھتی رفتار کے باعث ایک موقع پر 1100 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 1 لاکھ 66 ہزار 864 پوائنٹس کی یومیہ بلند حد تک ٹریڈ ہوا، تاہم افغانستان سے سرحدی ، سفارتی اور تجارتی تعلقات کا پیچ انڈیکس کی تیز رفتار کو پہلے سست روی کا شکار کرگیا اور اسکے فوری بعد ہی مندی میں مبتلا کرگیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1241 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 64 ہزار 444 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 456 پوائنٹس گر کر 50467 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 522 پوائنٹس کمی سے 100263 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس دوران سرمایہ کاروں کو 103ارب روپے کاخسارہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 19 ہزار 75 ارب روپے رہ گیا۔ شیئرز کاروبار تاریخ میں پہلی بار 3 ارب روپے میں ہوا جس کا کاروباری حجم 50 ارب روپے سے زائد رہا ۔مجموعی طور پر484 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 174 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،269 میں کمی اور 41 میں استحکام رہا۔