اسٹاک ایکسچینج: 248پوائنٹس کی مندی،16ارب منافع
پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان غالب، 100انڈیکس 1 لاکھ 61 ہزار 687 پربند
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کاپہلے روز اتارچڑھاؤدیکھا گیا۔کے ایس ای 100انڈیکس 248پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 61 ہزار 687 پوائنٹس پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 16ارب روپے کا منافع ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں پہلے روز کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، ابتدائی سیشن میں بینچ مارک 100 انڈیکس 1 ہزار 142 پوائنٹس بڑھ کر1 لاکھ 63 ہزار 77 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ،تاہم وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث انڈیکس 1 لاکھ 63 ہزار کی حد برقرار نہ رکھ سکا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 132 پوائنٹس گھٹ کر 48950 پوائنٹس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس 866 پوائنٹس کی کمی سے 230724 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم آل شیئرز انڈیکس 85پوائنٹس اضافے سے 98075 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دن بھر آٹو ، کیمیکل ، فرٹیلائزر ، آئل اینڈ گیس اور فارما اسٹاکس میں خرید و فروخت کا تسلسل ریکارڈ کیا گیا ۔