روسی صدر پیوٹن کا ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران سے جنگ ختم کرنے کا مشورہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جنگ و دیگر مسائل پر بات کیلئے روسی صدر پیوٹن کو فون کیا، روسی صدر نے ٹرمپ کو جنگ ختم کرنے کا مشورہ دیا۔
کریملن کے مطابق پیوٹن نے ٹرمپ کو ایران سے جنگ ختم کرنے کی تجاویز دیں، ایران، امریکا، اسرائیل جنگ کے بعد ٹرمپ کا روسی ہم منصب سے پہلا رابطہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اس عہدے پر تعیناتی پر مبارک باد کا پیغام بھیجا تھا۔
اپنے پیغام میں صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ایران کو جارحیت کا سامنا ہے اس اعلیٰ عہدے پر آپ کی ذمہ داریاں یقیناً حوصلے اور لگن کا تقاضا کریں گی، انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ وقار کے ساتھ اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور مشکل حالات میں ایرانی قوم کو متحد رکھیں گے۔
صدر پیوٹن نے اپنے بیان میں روس کی جانب سے ایران کے لئے حمایت کا اعادہ بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ روس ہمیشہ ایران کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔