صدر اور وزیراعظم کا خواتین کے حقوق، تحفظ اور مساوات کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے حقوق، تحفظ اور مساوات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، تشدد کی روک تھام مشترکہ ذمہ داری ہے، عوامی آگاہی، تعلیم اور مردوں کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 14، 25 اور 34 ہر فرد کی عزت، مساوات اور قومی زندگی میں خواتین کی شمولیت کے ضامن ہیں، 1973ء کے آئین نے خواتین کو مساوی حقوق دیئے، بینظیر بھٹو شہید نے ویمن بینک اور پولیس سٹیشنز سے اس تصور کو عملی شکل دی، ہراسانی، تیزاب گردی اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور بروقت انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے تشدد اور بدسلوکی کی نئی اشکال سے نمٹنے کیلئے مضبوط ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے، نیشنل ایکشن پلان 2026 میں خواتین کا تحفظ شامل ہے، متاثرہ خواتین قانونی مدد کے لیے ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر عورت کو خوف کے بغیر تعلیم حاصل کرنے، روزگار کمانے اور عوامی زندگی میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے، قوانین پر عملدرآمد ریاست کی ذمہ داری ہے، خاندان، تعلیمی ادارے، میڈیا اور مرد حضرات منفی رویوں کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تشدد سے متاثرہ خواتین کی ہمت کو سلام اور ان کے حقوق کیلئے کام کرنے والوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا کہ آج خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر حکومتِ پاکستان قوم کی ہر بیٹی کی عزت و وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف آج سے 16 روزہ آگاہی مہمِ کا آغاز بھی ہو رہا ہے، جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی، عالمی سطح پر یہ مہم بلا شبہ خواتین کے تحفظ کے عالمی عزم کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائے، عالمی سطح پر خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے کنونشن (CEDAW) کا 1996 سے فریق ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے تشدد کی روک تھام، متاثرہ خواتین کے تحفظ اور قانون شکن افراد کے خلاف اقدامات کا عہد کر رکھا ہے، حکومت ان ذمہ داریوں کی ادائیگی پر پُرعزم انداز میں کار بند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد گھروں، کام کی جگہ، عوامی مقامات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر رونما ہوتے ہیں، تمام واقعات کا رپورٹ نہ ہونا، سماجی تنقید کا خوف اور سہولیات تک محدود رسائی اس تناظر میں سنگین چیلنجز ہیں، ایسے واقعات پر مؤثر کارروائی کے لیے تعاون ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور متاثرہ خواتین کی معاونت کی خدمات کو مزید کارگر بنانے کیلیے پُر عزم یے، اس ضمن میں صوبوں، پارلیمان، عدلیہ، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ پورے معاشرے کے اجتماعی عزم اور مشترکہ کاوشوں کا متقاضی ہے، مذہبی علما، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور معاشرتی رہنماؤں پر نقصان دہ رویوں اور سوچ کو بدلنے کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اسلام خواتین کو باوقار مقام، مساوی مواقع اور بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ان اقدار کو ہمارے اجتماعی طرزِ عمل کا لازمی جزو ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کے خصوصی دن پر میں تشدد سے متاثرہ خواتین کے عزم و حوصلے کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ان تمام افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہتا ہوں جو ان کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔ آئیے، تجدیدِ عزم کریں کہ پاکستان کو ایسا معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر خاتون تشدد سے پاک زندگی گزارے اور اپنے تمام حقوق سے بھرپور استفادہ کر سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...