خواتین میری ریڈ لائن، تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف تشدد یا ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے، دین اسلام نے سب سے پہلے عورت کو مکمل عزت، احترام اور حقوق دینے کے احکامات دیے، جبکہ خواتین کی عزت و احترام نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت میں عورت پر ہاتھ اٹھانے سے منع کیا گیا ہے اور خواتین کے ساتھ نرمی اور حسن سلوک اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اور مجرم ہیں، ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، پنجاب کو پہلی بار ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے، جہاں مشکلات کا شکار خواتین اپنی شکایات درج کرا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن کے ذریعے فوری پولیس مدد حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے پولیس ویمن ہیلپ لائن بھی مکمل طور پر فعال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین سے متعلق مقدمات کے جلد فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے سپیڈی کورٹس کے قیام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے، خواتین کے لیے تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرے کا قیام ہی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments