سونا 13سو روپے مہنگا، تولہ 4لاکھ 56ہزار 162کا ہوگیا
چاندی قیمت 139 روپے تولہ بڑھی، پہلی بار قیمت 6 ہزار 987 روپے ہوگئی
کراچی (کامرس رپورٹر)ملکی صرافہ بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ روز سونا معمولی کمی کے بعد ایک بار پھر بلند سطح پر پہنچ گیا، جبکہ چاندی نے ملکی اور عالمی دونوں مارکیٹس میں تاریخ کی بلند ترین سطح کوچھو لیا، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1 ہزار 300 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 56 ہزار 162 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کے دام 1ہزار 115روپے بڑھنے سے 3لاکھ 91ہزار 85روپے ہوگئے ، قیمتوں میں اس اضافے سے مقامی مارکیٹ میں خریداروں اور تاجروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی جانب مرکوز ہو گئی ہے ، دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، 24 قیراط فی تولہ چاندی 139 روپے اضافے کے بعد پہلی بار 6 ہزار 987 روپے کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچی، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین قیمت تصور کی جا رہی ہے ۔ صرافہ بازاروں میں چاندی کی قیمتوں میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے ۔ دوسری جانب عالمی سطح پربھی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 338 ڈالر تک پہنچ گئی۔