سال 2025 تاجر وں اور معیشت کیلئے مشکل رہا، زبیر موتی والا
ملک سال بھرمعاشی بحرانوں سے نمٹنے میں الجھا رہا ،چیئرمین بزنس مین گروپ
کراچی (بزنس رپورٹر)بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے سال2025 کو تاجر برادری اورپاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی مشکل اور ہنگامہ خیز سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سال سنگین چیلنجز، پالیسیوں کی غیر یقینی صورتحال اور پیداواری شعبوں پر مسلسل دباؤ کے باعث یاد رکھا جائے گا ۔ ملک سال بھرمعاشی بحرانوں سے نمٹنے میں الجھا رہا ۔زبیر موتی والا نے مئی 2025میں پاکستان بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں نہایت پُرعزم اور ذمہ دارانہ انداز میں بھارتی جارحیت کا قومی اتحاد، ہم آہنگی اور اجتماعی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بروقت اورمؤثرردِعمل کے باعث صورتحال طویل تنازع میں تبدیل ہونے سے بچ گئی، معاشی استحکام محفوظ رہا اور مخالفین کو پسپائی اختیار کرنا پڑی جس سے قومی مفادات اور کاروباری اعتماد کا تحفظ ممکن ہوا۔