ازبک وفد کی مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی
مضبوط روابط قائم کرنے کے لئے آئی سی سی آئی سے مدد طلب کرلی
اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود نے تجارت، سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی ترقی کو بڑھانے کیلئے بیرون ملک چیمبرز کے ساتھ بامعنی تعاون کو فروغ دے کر تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے چیمبر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ازبکستان کی وزارت زراعت کے تحت پلانٹ پروٹیکشن اینڈ قرنطینہ کی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اولوگ بیک یونسوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے 3 رکنی وفد کے ہمراہ پھلوں اور سبزیوں کے شعبے میں باہمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے کیلئے چیمبر کا دورہ کیا ۔ا پنے خطاب میں ازبک وفد کے سربراہ نے پھلوں کے شعبے میں ازبکستان کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کے شعبے کے نمایاں کاروباری کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے میں آئی سی سی آئی کی مدد بھی طلب کی۔