اسٹاک ایکسچینج:زبردست تیزی، انڈیکس 4266پوائنٹس بڑھ گیا
60فیصدحصص کی قیمتوں میں اضافہ،انڈیکس168893پوائنٹس پر بند 350ارب منافع،69کروڑ 24لاکھ 02ہزار 897حصص کے سودے
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ 3 سیشنز میں 8ہزار 500 پوائنٹس کی مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بالآخر مندی کے بادل چھٹ گئے ۔ ٹریڈنگ میں اتارچڑھاؤکے بعد بڑی نوعیت کی تیزی رہی جس سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 65ہزار، 1لاکھ 66ہزار، 1لاکھ 67ہزار اور 1لاکھ 68ہزار پوائنٹس کی 4سطحیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 60فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 3کھرب 50ارب 76کروڑ 40لاکھ 31ہزار 199روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کاروباری دورانیے میں پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر 1673پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 63ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی۔
لیکن لسٹڈ کمپنیوں کی توقعات کے مطابق اچھے مالیاتی نتائج، آئی ایم ایف کے تیسرے جائزے کے لیے پاکستان کی پہلے سے مضبوط پوزیشن سے اگلی قسط منظور ہونے کی امید پر مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورایک موقع پر 4748 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 4266 پوائنٹس کے اضافے سے 168893پوائنٹس پر بند ہو ا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 12فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 69کروڑ 24لاکھ 02ہزار 897 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طو رپر488 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 291 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ 145 کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 52 میں استحکام رہا۔