ٹی او آرزمیں ترامیم سے ٹریڈ ایکٹ کمزور نہیں ہوگا،کراچی چیمبر
مجوزہ ترامیم کراچی کی یکساں نمائندگی کے لئے ہیں ،صدر ریحان حنیف
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی چیمبرکے صدر ریحان حنیف نے ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013 میں مجوزہ ترمیم کے حوالے سے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترمیم محض وضاحت کے لیے ہے اور اس کا مقصد صرف کراچی کی شہر بھر کی یکساں نمائندگی کو یقینی بنانا ہے ۔پاکستان بھر کے تمام چیمبرز کو بھیجے گئے اپنے مراسلے میں صدر کے سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ مجوزہ ترمیم کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیاں اور غلط بیانی فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے ،اس ترمیم کا مقصد کسی بھی طرح ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 کو کمزور کرنا، اس پر فوقیت حاصل کرنا یا اسے غیرمؤثر بنانا نہیں بلکہ اس ساختی مسئلے کو درست کرنے کیلئے ہے جو کراچی کی منفرد انتظامی تقسیم کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے ۔ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 کے تحت ہر ضلع میں ایک چیمبر قائم کیا جا سکتا ہے ۔صدر کے سی سی آئی نے کہا کہ کراچی کو بھی دیگر بڑے شہروں کی طرح ایک ہی متحد ادارے کے ذریعے نمائندگی ملنی چاہیے ۔