دنیا بھر میں سٹاک مارکیٹوں کا دھڑن تختہ،پاکستان میں کاروبار معطل کرنا پڑا

دنیا بھر میں سٹاک مارکیٹوں کا دھڑن تختہ،پاکستان میں کاروبار معطل کرنا پڑا

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 16ہزار سے زائد پوائنٹس کی شدیدمندی،ایک ہی دن1 ہزار 745 ارب ڈوب گئے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 9فیصد اضافہ ،ڈالر کی قدر میں کمی ، فی تولہ سونا13ہزار300روپے مہنگا ہو گیا

کراچی،لندن،پیرس،ٹوکیو (حمزہ گیلانی،نیوز ایجنسیاں )دنیا بھر میں سٹاک مارکیٹوں کا دھڑن تختہ ،عالمی سٹاک مارکیٹس امریکا اور اسرائیل کی ایران پر کارروائی اور اس کے بعد مشرق وسطیٰ میں پھیلتی کشیدگی کے باعث شدید مندی سے دوچار ہو گئیں،پاکستان میں کاروبار معطل کرنا پڑا،پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن کا آغاز ہی 15 ہزار پوائنٹس کی کمی سے ہوا جس پر مارکیٹ کا کاروبار 45 منٹ کے لیے معطل رہا۔ امریکا کاایران پر حملہ، پاک افغان جھڑپیں ، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کا مسلسل بڑھنا پاکستان سٹاک ایکسچینج سمیت دنیا بھر کی سٹاک ٹریڈنگ کو تہس نہس کرگیا ،کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مندی کا ریکارڈ قائم کردیا،کے ایس ای 100انڈیکس کی ٹریڈنگ کھلتے ہی چند منٹوں میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بدترین مندی رونما ہوئی اور تاریخ میں پہلی بار دوران ٹریڈنگ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 17نفسیاتی حدیں کھوبیٹھا ،بدترین مندی سے 85 اعشاریہ 50 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور سرمایہ کاروں کے 1 ہزار 745 ارب روپے ایک ہی روز میں ڈوب گئے ۔ کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 15ہزار 71 پوائنٹس اور ادھر کے ایس ای 30 انڈیکس پانچ فیصد سے زائد گراوٹ کا شکار ہوکر کریش ہوگئے جس کے بعد فورا ً سٹاک ایکسچینج انتظامیہ حرکت میں آئی اور قوانین کے مطابق ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کیلئے روک دیا۔

پی ایس ایکس قوانین کے مطابق 9بجکر 22منٹ پر ایک گھنٹے کے لیے تجارتی سرگرمیوں کو معطل کیا گیا جو 10 بجکر 22 منٹ پر دوبارہ فعال ہوئی مگر بینچ مارک 100انڈیکس سنبھل نہ سکا اورمسلسل یکے بعد دیگرے اپنی سطحیں کھوتا رہا اور دوران ٹریڈنگ پہلی بار 16 ہزار سے زائد پوائنٹس مائنس کرگیا ۔دوسری جانب دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 30انڈیکس میں9فیصد یعنی 4ہزار 723پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ،سٹاک ایکسچینج میں نئے سرمایہ کاروں نے گھبراہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حصص فروخت کرنے کو مسلسل ترجیح دی جس کے باعث آئل اینڈ گیس سیکٹر کے شیئرز کو سب سے زیادہ مار پڑی اور 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے اختتام پر پہلی بار 16089 پوائنٹس کی کمی سے 1لاکھ 51ہزار 973 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 4996 پوائنٹس کی کمی سے 46327 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 9240 پوائنٹس کی کمی سے 91179 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 23155 پوائنٹس کی کمی سے 212170 پوائنٹس پر بند ہوا ۔

کاروباری حجم گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کی نسبت 51فیصدزائد رہا۔گزشتہ روز80کروڑ 95 لاکھ 50ہزار 101 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 483 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 21 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 413 کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 49 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مارکیٹ کریشن ہونے کی صورت میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حجم 18ہزار 930 ارب روپے سے گر کر 17 ہزار 185 ارب روپے کی سطح پر آگیا ۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر احمد چنائے نے دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی منظر نامے میں خطرناک تبدیلیوں اوربحری ترسیلات بند ہوجانے سے سٹاک ایکسچینج کریش ہوگئی۔ پیر کو عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید اضطراب دیکھا گیا۔ عالمی منڈی میں برینٹ نارتھ سی کروڈ پیر کو 9 فیصد اضافہ کے بعد 79 اعشاریہ 30 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت پیر کو 7 اعشاریہ 8 فیصد اضافے کے بعد 72 اعشاریہ 26 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ یورپی قدرتی گیس کی قیمتیں 50 فیصد سے زائد بڑھ گئیں۔

وال سٹریٹ کے انڈیکس ایک فیصد سے زائد گرے ، جبکہ یورپ میں فرینکفرٹ اور پیرس 2 فیصد سے زیادہ نیچے آئے ۔ ایئر لائنز کے شیئرز پر بھی منفی اثر پڑا، برٹش ایئرویز کے حصص 5 اعشاریہ 6 فیصد جبکہ ایئر فرانس کے 7 اعشاریہ 9 فیصد گر گئے ۔ جاپان کا نکیئی سٹاک انڈیکس 2.2 فیصد کم ہوا۔ آسٹریلیا سمیت مختلف سٹاک انڈیکس نیچے آئے ۔دوسری جانب توانائی اور اسلحہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا،تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ اگر تیل کی بلند قیمتیں برقرار رہیں تو عالمی مہنگائی اور معاشی ترقی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے ۔انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کی قدرگھٹ گئی ،ادھر عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالرایک پیسے کی کمی سے 279 اعشاریہ 46 روپے پر بند ہوا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 133 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 5 ہزار 411 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 13 ہزار 300 روپے کے ہوشربا اضافے سے 5 لاکھ 63 ہزار 862 روپے پر جاپہنچا۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 11 ہزار 402 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 83 ہزار420 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ ہفتے کو سونے کی فی تولہ قیمت 10 ہزار روپے کے بڑے اضافے سے 5 لاکھ 50 ہزار 562 روپے ہوگئی تھی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 188 روپے کے اضافے سے 10 ہزار 50 روپے ہوگئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں