ڈیوٹی و ٹیکس چوری میں کمی کیلئے کارگو ٹریکنگ سسٹم متعارف

ڈیوٹی و ٹیکس چوری میں کمی کیلئے کارگو ٹریکنگ سسٹم متعارف

منصوبے سے لاجسٹک شعبے میں 2.80 ارب روپے سے زائد کی بچت متوقع جعلی انوائسز اور انڈرانوائسنگ جیسے مسائل میں کمی آئے گی ،ممبر کسٹمز آپریشن

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف بی آر نے کارگو کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا جدید نظام متعارف کروا دیا، جو عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ممبر کسٹمز آپریشن شکیل شاہ، ممبر کسٹمز پالیسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس نظام میں ایک نیا میکنزم بھی شامل ہے ، جس کے تحت اشیا کی الیکٹرانک نگرانی اور بکنگ ممکن ہوگی۔ ممبر کسٹمز آپریشن شکیل شاہ نے کہا کہ اس نظام سے جعلی انوائسز اور انڈرانوائسنگ جیسے مسائل میں کمی آئے گی اور ڈیوٹی و ٹیکس چوری کی روک تھام میں مدد ملے گی۔اس منصوبے سے لاجسٹک کے شعبے میں 2 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کی بچت متوقع ہے۔

نیشنل کارگو ٹریکنگ سسٹم کے نفاذ سے ڈیوٹی و ٹیکس کے تعین اور کلیکشن میں شفافیت آئے گی۔ اس نظام کے تحت الیکٹرانیکلی اشیا کی چیکنگ ہوگی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ممبر کسٹمز آپریشن نے کہا کہ یہ نظام دنیا کے مختلف ممالک میں کامیابی کے ساتھ نافذ ہے اور ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا ایک بڑا اقدام ہے ۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی بڑی کامیابی خاص طور پر ڈیلیوری یونٹ کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے ڈیزائن کے لیے بہترین فرم کا انتخاب کیا گیا اور عملدرآمد کا ڈیزائن 5 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں