اسٹاک ایکسچینج :مندی برقرار،انڈیکس 1437پوائنٹس گنوابیٹھا

اسٹاک ایکسچینج :مندی برقرار،انڈیکس 1437پوائنٹس گنوابیٹھا

100انڈیکس 154421پوائنٹس پر بند ،مزید 168ارب روپے ڈوب گئے 471 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ،157 میں اضافہ ، 252 کی قیمتیں گرگئیں

کراچی (بزنس رپورٹر) عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ، امریکا ایران کشیدگی کا مسلسل بڑھنا، مقامی سطح پر مہنگائی کی نئی لہر اور آئی ایم ایف کا حکومت سے ڈو مور کا مطالبہ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو مندی میں پھر سے مبتلا کرگئی جسکے باعث 100 انڈیکس کی 1لاکھ 55ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کی شدت بڑھنے سے 54فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 68ارب روپے سے زائدڈوب گئے ۔ کاروبار کا آغاز و اختتام مندی سے ہوا ۔دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر 1222پوائنٹس کی تیزی سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 57ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی لیکن محدود سرمایہ کاری اور بلو چپ کمپنیوں کے حصص کا گرنا محدود تیزی کو بھی ایک موقع پر 2355 پوائنٹس کی مندی میں تبدیل کرگیا۔

تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے جاری مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1437.05 پوائنٹس کی کمی سے 154421.43 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 528.79 پوائنٹس کی کمی سے 47322.74 پوائنٹس اورآل شیئر انڈیکس 898.05 پوائنٹس کی کمی سے 92487.78پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 8.51فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 40کروڑ 42لاکھ 52ہزار 601 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 471 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 157 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 252 میں کمی اور 62 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں