آئی ٹی کے شعبے کی برآمدات میں رواں مالی سال ریکارڈ اضافہ
36کروڑ 50لاکھ ڈالر رہیں، گزشتہ سال کی نسبت 20فیصد زیادہ، اعدادو شمار عالمی مارکیٹ میں ملکی آئی ٹی کمپنیوں کی بڑھتی رسائی نے شعبے کوسہارا دیا، ماہرین
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کے آئی ٹی اور آئی ٹی سے وابستہ خدمات کے شعبے کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملک کے خدماتی شعبے میں مضبوط کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے سرکاری رپورٹ کے مطابق فروری2026کے دوران آئی ٹی برآمدات 36 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں، تاہم ماہانہ بنیاد پران میں تقریباً 2 فیصد کمی دیکھی گئی اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2026 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کی برآمدات 2 ارب 98 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں،جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد کا نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
آئی ٹی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی رسائی، فری لانسرز کی بڑی تعداد اور ڈیجیٹل خدمات کی مانگ میں اضافے نے اس شعبے کی برآمدات کو سہارا دیا ہے رپورٹ کے مطابق حکومت نے مالی سال 2026 کے لیے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر مقرر کیا ہے جسکے حصول کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ان اقدامات میں آئی ٹی پارکس کے قیام، فری لانسرز کے لیے سہولیات، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں بہتری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو مراعات فراہم کرنا شامل ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو آئی ٹی سیکٹر آئندہ برسوں میں پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے والے اہم ترین شعبوں میں شامل ہوسکتا ہے۔