قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی بیٹے سمیت شہید، ایران نے تصدیق کر دی

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی اورمعاون سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے، ان کی شہادت کا واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ساڑھے 3 بجے پیش آیا۔

اس سے پہلے علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا، اسرائیل نے گزشتہ روز علی لاریجانی اور بسیح فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

شہید علی لاریجانی عراق کے شہر نجف میں پیدا ہوئے، ایران کی پاسداران انقلاب میں شمولیت کے بعد انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر نمایاں مقام حاصل کیا، وہ ایران کی داخلی سیاست، پارلیمنٹ اور خارجہ پالیسی میں طویل عرصے سے بااثر کردار ادا کرتے رہے۔

علی لاریجانی انقلابِ ایران کے بعد ابھرنے والی اہم سیاسی شخصیات میں شامل تھے، وہ ایران کے طاقتور مذہبی و سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، علی لاریجانی صدارتی سیاست میں بھی سرگرم رہے، اور متعدد بار صدارتی انتخابات میں بھی اہم امیدوار رہے۔

شہید علی لاریجانی نے بطور سپیکر پارلیمنٹ 12 سال تک مجلسِ شورٰی کی قیادت کی، وہ ایران کے چیف مذاکرات کار برائے جوہری پروگرام بھی رہ چکے ہیں۔

بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی بھی اسرائیلی و امریکی حملے میں شہید 
قبل ازیں پاسداران انقلاب نے بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد وہ خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

شہید علی لاریجانی کے ممکنہ متبادل کا نام سامنے آ گیا
شہید علی لاریجانی کے ممکنہ متبادل کے طور پر سابق نیشنل سکیورٹی سیکرٹری کا نام سامنے آیا ہے، توقع کی جا رہی ہے سابق سیکرٹری سعید جلیلی عارضی طور پر شہید علی لاریجانی کی جگہ لیں گے۔

علی لاریجانی نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کی کوششیں کیں، ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید علی لاریجانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید علی لاریجانی ایک نمایاں اور قیمتی شخصیت تھے، علی لاریجانی نے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں، انہیں وسیع تجربہ تھا، علی لاریجانی نے خطے میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے کی کوششیں کیں۔

انفرادی طور پر رہنماؤں کی شہادت سے نظام کو ہلایا نہیں جاسکتا، عباس عراقچی
عرب ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ انفرادی طور پر رہنماؤں کی شہادت سے نظام کو ہلایا نہیں جاسکتا، یہ ایک ایسا نظام ہے جو اداروں پر قائم ہے، سب سے اہم شخص سپریم لیڈر ہیں، ہمارے سپریم لیڈر کی شہادت کے باوجود بھی نظام کو فرق نہیں پڑا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں