پاک فضائیہ کے شاہین صفت ہوا باز، 1965ء کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کی آج 13 ویں برسی

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے شاہین صفت ہوا باز،1965 کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کی آج تیرہویں برسی ہے۔

انہوں نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں اپنی جرات مندانہ صلاحیتوں سے وہ تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رہے گی۔

پاکستانی عوام آج عظیم قومی ہیرو کی 13 ویں برسی پر انہیں یاد کر رہے ہیں، ایک ایسا ہیرو جسے دشمن کی نسلیں بھی کبھی بھلا نہیں پائیں گی، محمد محمود عالم جو جانے جاتے ہیں ایم ایم عالم کے نام سے، 1952ء میں پاکستان ایئر فورس میں شامل ہوئے۔

جنون کی حد تک انہیں آسمان میں اڑنے کا شوق تھا، وہ پاک فضائیہ میں سکوارڈن لیڈر، انسٹرکٹر، ڈائریکٹر آپریشنز اور اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر سٹاف کے عہدوں پر فائز رہے۔

سکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے مقام پر پانچ بھارتی ہنٹر جنگی طیاروں کو ایک منٹ میں مار گرایا تھا، ان میں سے پہلے چار طیارے صرف تیس سیکنڈ کے اندر مار گرائے تھے، یہ ایک عالمی ریکارڈ تھا، یہ عالمی ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ میں درج کیا گیا۔

اس مہم میں ایم ایم عالم ایف 86 جنگی طیارہ اڑا رہے تھے جو اس زمانے میں تکنیکی اعتبار سے ہنٹر طیارے سے تیز تر تھا، ان کے اس کارنامے کی یاد کو پاک فضائیہ کے میوزیم میں تازہ کیا گیا ہے، جہاں ان کا مجسمہ اور جہاز رکھا گیا ہے۔

ایم ایم عالم گیلری بھی قائم کی گئی ہے جہاں قومی ہیرو کی وردی، ان کے ذاتی استعمال کا لیپ ٹاپ سمیت دیگر اشیاء رکھی گئی ہیں، پی اے ایف میوزیم میں آنے والے قومی ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں