حکومت نے پینک بٹن اورباڈی کیم کی خریداری بارے سمری منظور کرلی

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پینک بٹن اورباڈی کیم کی خریداری کے لئے آئی جی پنجاب کی جانب سے بھجوائی گئی فنڈز فراہمی کی سمری منظور کرلی۔

پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات کے بروقت اندراج اور ازالے کے لئے پینک بٹن جبکہ آپریشن، کرائم مانیٹرنگ اور انویسٹی گیشن کو شفاف بنانے کے لئے باڈی کیم کی تنصیب ہوگی۔

حکام کا کہنا تھا کہ لاہورکے 84 سمیت پنجاب بھر کے 746 تھانوں اور 350 چوکیوں پر ایک ہزار 96 پینک بٹن نصب کئے جائیں گے، پینک بٹن تھانوں کے متعلقہ فوری شکایات کے اندراج کے لئے تھانوں کے باہر نصب کئے جائیں گے۔

اِسی طرح تھانوں اور چوکیوں 17 ہزار 812 باڈی کیمروں کی خریداری کی جائےگی، ہر تھانے میں 22 باڈی کیمرے جبکہ ہر چوکی میں 4 باڈی کیم فراہم کئےجائیں گے، تھانوں میں تعینات افسران واہلکار آپریشنز کے دوران اور ناکوں پر دوران تفتیش باڈی کیمروں کا استعمال یقینی بنائیں گے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایک پینک بٹن کی قیمت 1لاکھ 35 ہزار جبکہ ایک ہزار 96 کی خریداری پر 14 کروڑ 80 لاکھ کے اخراجات آئیں گے، ایک باڈی کیم کی قیمت 95 ہزار جب کہ 17 ہزار812 کی خریداری پر ایک ارب 69 کروڑ سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ دوسری جانب 2 ماہ کے اندر منصوبہ مکمل کرکے پینک بٹن اورباڈی کیم آپریشنل کردیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں