ایران نے بسیح فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کی تصدیق کر دی

تہران: (دنیا نیوز) پاسداران انقلاب نے ایران کی بسیح فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کی تصدیق کر دی۔

جاری بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد وہ خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے، دہشت گرد قاتلوں کو خبردار کرتے ہیں کہ شہید رہنما، کمانڈروں اور دیگر شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

پاسدارانِ انقلاب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان شہادتوں سے ایرانی قوم اور بسیج کے تمام اہلکاروں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے اور وہ مزاحمت کے راستے پر پہلے سے زیادہ مضبوطی سے قائم رہیں گے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے ایک حملے میں ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی اور بسیج کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا، ایران کی طرف سے علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ بسیج کمانڈر غلام رضا سلیمانی کے قتل کی تصدیق ٹی وی پر کردی گئی ہے۔

عرب ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ انفرادی طور پر رہنماؤں کی شہادت سے نظام کو ہلایا نہیں جاسکتا، یہ ایک ایسا نظام ہے جو اداروں پر قائم ہے، سب سے اہم شخص سپریم لیڈر ہیں، ہمارے سپریم لیڈر کی شہادت کے باوجود بھی نظام کو فرق نہیں پڑا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں