گورنر ہاؤس میں تماشا نہیں عوام کیلئے کام کریں گے: نہال ہاشمی
کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں تماشا نہیں کریں گے، عوام کیلئے کام کریں گے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ملکر اپنے شہر کو صاف رکھیں گے، کامران ٹیسوری کو گورنر ہاؤس آنے کی دعوت دی ہے۔
ہم کامران ٹیسوری کو ایئرپورٹ لینے جائیں گے اور استقبالیہ دیں گے، یہ سب کا گورنر ہاؤس ہے۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات کی تھی، میئر کراچی نے گورنر سندھ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی امور اور درپیش شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وفاق کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتار اور بروقت مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا، قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
گورنر سندھ کی جانب سے کراچی کی ترقی اور عوامی فلاح کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا گئی تھی، نہال ہاشمی نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ کراچی کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ شہر بنایا جائے۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔