ڈالر کی قدر مزید کم، تولہ سونا 24ہزار 300روپے سستا

ڈالر کی قدر مزید کم، تولہ سونا 24ہزار 300روپے سستا

تولہ سونا 4لاکھ 99ہزار 462،دس گرام 4لاکھ 28ہزار 208کاہوگیا

کراچی(بزنس ڈیسک)انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو ڈالر کی قدرمزید گھٹ گئی ،ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک تولہ سونا 5 لاکھ روپے کی سطح سے گرکر 4 لاکھ کی سطح پر آگیا ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر ایک پیسے کی کمی سے 279.25 روپے پر بند ہوا۔یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 279.26 روپے پر بند ہوئی تھی۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 243 ڈالر کی نمایاں کمی سے 4 ہزار 767 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 24 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی سے 4 لاکھ 99 ہزار 462 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 20 ہزار 833 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 28 ہزار 208 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ بدھ کو فی تولہ سونا 5 لاکھ 23 ہزار 762 روپے پر مستحکم رہا تھا۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 760 روپے کی کمی سے 7 ہزار 734 روپے ہوگئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں