پورٹ قاسم میں ایکسپورٹرز کیلئے فسیلی ٹیشن ڈیسک قائم

پورٹ قاسم میں ایکسپورٹرز کیلئے فسیلی ٹیشن ڈیسک قائم

ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولتیں ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی

کراچی(بزنس رپورٹر)پورٹ قاسم اتھارٹی نے برآمدات کے فروغ اور ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پورٹ قاسم میں فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیا ہے ، جہاں ون ونڈو آپریشن کے تحت مختلف سہولیات ایک ہی جگہ دی جائینگی۔ اتھارٹی حکام کے مطابق نئے قائم سہولت مرکز کا مقصد ایکسپورٹرز کو درپیش انتظامی اور آپریشنل رکاوٹوں کو کم اور بندرگاہی امور کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ واضح رہے اس ڈیسک کے ذریعے برآمدکنندگان کو کلیئرنس، ڈاکیومنٹیشن اور دیگر متعلقہ امور میں فوری رہنمائی اور سہولت ملے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف برآمدی عمل میں تیزی اور لاگت میں کمی، کاروباری آسانیوں میں اضافہ ہوگا جس سے ملکی برآمدات کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ ایکسپورٹرز نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہاہے کہ ون ونڈو سہولت سے انکے دیرینہ مسائل حل ہونگے، پورٹ قاسم بندرگاہ پر وقت کا ضیاع کم ہوگا۔ ترجمان پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق سہولت مرکز کو مکمل فعال کر دیا گیا اور یہاں ایکسپورٹرز کو فوری اور مؤثر خدمات فراہم دی جا رہی ہیں جو کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں