جاز کی فائیو جی سروس کا آغاز،180سائٹس فعال
نیادورجدت، رفتار اور مواقع کے نئے باب کا دروازہ کھولے گا،عامر ابراہیم
کراچی(بزنس ڈیسک )جاز نے پی ٹی اے کی جانب سے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (NGMS)/ فائیو جی لائسنس کے اجراء کے بعد باضابطہ طور پر فائیو جی سروسز کا آغاز کر دیا ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان میں تیز رفتار اور جدید کنکٹوٹی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ۔جاز نے ابتدائی مرحلے میں فائیو جی سروس تقریباً 180 سائٹس پر فعال کر دی ہے جس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور تمام صوبائی دارالحکومت لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد جیسے بڑے شہر شامل ہیں۔
جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ہم حکومتِ پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ وہ ایک جدید اور مستقبل پر مبنی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ۔پاکستان میںفائیو جی دور کا آغاز ہو رہا ہے جو جدت، رفتار اور مواقع کے ایک نئے باب کا دروازہ کھولے گا،اس تبدیلی کی قیادت کرتے ہوئے ہم اپنے فور جی نیٹ ورک کی توسیع اور رفتار و صارف تجربے میں نمایاں بہتری کیلئے بھی پُرعزم ہیں۔