اسٹاک ایکسچینج : 1900 پوائنٹس کی تیزی، 207 ارب منافع
سیمنٹ، آٹو، انرجی ودیگر سیکٹرز متحرک، انڈیکس 1 لاکھ 48 ہزار 743 پربند حالیہ شارٹ ٹرم ریکوری سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا ہے ،تجزیہ کار
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو مثبت رجحان رہا۔دوران ٹریڈنگ100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 50 ہزار 225 اور کم ترین سطح 1 لاکھ 47 ہزار 743 پوائنٹس رہی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ دن بھر مارکیٹ میں آئل اینڈ گیس، آٹو، انرجی، سیمنٹ اور بینکنگ اسٹاکس میں نمایاں سرگرمی رہی۔اس دوران سرمایہ کاروں کو207ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم16 ہزار 327 ارب روپے سے بڑھ کر 16 ہزار 534 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1,900 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 48 ہزار 743 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس600 پوائنٹس بڑھ کر 45,031 اور آل شیئرز انڈیکس 1,107 پوائنٹس کے اضافے سے 89,074 پر بندہوا۔مجموعی طور پر 567 کمپنیوں کے حصص کاکاروبا ر ہوا جس میں سے 281 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 137میں کمی اور49کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ماہرین کے مطابق امریکی اور ایرانی حکام کے مثبت مذاکرات اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی نے سرمایہ کاروں کے گرتے ہوئے اعتماد کو کنٹرول کرنے میں مدد دی اور مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رکھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ شارٹ ٹرم ریکوری سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا ہے اور مارکیٹ میں مزید استحکام کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔