ایران کے ساتھ جاری جنگ میں غیر جانبدار رہنے کیلئے پرعزم ہیں، شامی صدر
دمشق: (دنیا نیوز) شام کے صدر احمد الشرع نے کہا ہے کہ شام ایران کے ساتھ جاری جنگ میں غیر جانبدار رہنے کیلئے پرعزم ہے، جب تک کہ اسے خود نشانہ نہ بنایا جائے۔
لندن میں ایک تحقیقی ادارے سے خطاب کرتے ہوئے صدر احمد الشرع نے کہا کہ شام کو تہران میں ایران سے کوئی مسئلہ نہیں، مگر دمشق میں اس کی مداخلت قابلِ قبول نہیں، کیونکہ اس نے سابق اسد حکومت کی مدد کرتے ہوئے شامی عوام کی بے دخلی میں کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کا رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی سفارتی تعلقات موجود ہیں۔
شامی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ شام ایران کے ساتھ کشیدگی کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دیتا ہے اور خود کو اس تنازع میں گھسیٹے جانے سے بچانا چاہتا ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باعث شام کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، ملک مزید جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا، میری حکومت کی اولین ترجیح شام کی تعمیرِ نو، ترقی اور بے گھر شہریوں کی واپسی ہے۔