پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 13فیصد اضافہ ریکارڈ
مارچ میں پٹرول کی فروخت6.70لاکھ ، ڈیزل کی 5.90لاکھ ٹن رہی ،ذرائع
لاہور (این این آئی)آئل مارکیٹنگ کمپنیز نے مارچ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا۔ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر تیل کی فروخت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا، یہ اضافہ خاص طور پر عید کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران دیکھنے میں آیا،اس کے علاوہ پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے سبب بجلی گھروں نے بھی فرنس آئل کی خریداری بڑھا دی، جس سے مجموعی طلب میں اضافہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق مارچ میں پٹرول کی فروخت فروری کے مقابلے میں 8 فیصد بڑھ کر 6 لاکھ 70 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ فروری میں یہ فروخت 6 لاکھ 20 ہزار ٹن تھی۔
اسی طرح ڈیزل کی فروخت میں بھی 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارچ میں ڈیزل کی فروخت 5 لاکھ 90 ہزار ٹن رہی، جو فروری میں 5 لاکھ 20 ہزار ٹن تھی۔دوسری جانب فرنس آئل کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، مارچ میں فرنس آئل کی فروخت 90 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ فروری میں یہ صرف 40 ہزار ٹن تھی۔