گورنر پنجاب اور سیکریٹری زراعت سے سنجینٹا کی سینئر قیادت کی ملاقات
لاہور(بزنس ڈیسک)سنجینٹاکی سینئر قیادت نے رواں ہفتے لاہور کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پاکستان کے زرعی شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وسیع تر روابط کو فروغ دینا تھا۔
دورے کے دوران سنجینٹا کی علاقائی قیادت نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پائیدار زراعت کے فروغ اور عالمی زرعی منظرنامے میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر سنجینٹا میں افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا ریجن کے صدر، ایلکس برکووسکی ،اور افریقہ و مشرقِ وسطیٰ کے بزنس ہیڈ، جیروم باربرون کے ہمراہ سنجینٹا پاکستان کے کنٹری جنرل منیجر، ذیشان حسیب بیگ، اور ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز اینڈ سسٹین ایبلٹی، علی مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کا مرکز جدید فصل تحفظ ٹیکنالوجیز اور حیاتیاتی محرکات کو اپنانے ، اور انہیں چھوٹے کاشتکاروں تک قابلِ رسائی بنانے کے لیے درکار ریگولیٹری اصلاحات پر رہا۔ اس موقع پر ذیشان حسیب بیگ نے کہاپاکستان کے کسان دنیا کے مضبوط ترین کسانوں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم وہ بدستور دوہرے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ صوبائی حکام نے مذاکرات کے تسلسل کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کیا جبکہ دونوں جانب سے طویل مدتی غذائی تحفظ کے فروغ کے لیے سائنس پر مبنی پالیسی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔