ایس ای سی پی:ایک ماہ میں سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹرڈ

ایس ای سی پی:ایک ماہ میں سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹرڈ

رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2لاکھ 94ہزار 101تک پہنچ گئی،پنجاب سرفہرست رہا

کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور دستاویزی معیشت کی جانب پیشرفت کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپریل 2026 کے دوران 4 ہزار 82 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کرلی جو ایک ماہ میں ہونے والی سب سے زیادہ کمپنی رجسٹریشنز قرار دی جارہی ہیں۔ کمیشن کے مطابق نئی رجسٹریشنز کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 101 تک پہنچ گئی ۔ ایس ای سی پی کے مطابق اپریل کے دوران یومیہ کمپنی رجسٹریشن کا بھی نیا ریکارڈ قائم ہوااور 30اپریل 2026 کو ایک ہی دن میں 340 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 22 مختلف ممالک سے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کروائی۔

ان میں سے صرف چین سے 95 شیئر ہولڈرز نے پاکستانی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جبکہ چینی سرمایہ کاروں کی رجسٹرڈ کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 19 کروڑ 30 لاکھ روپے بتایا گیا ہے ۔ صوبائی سطح پر پنجاب 2ہزار 93نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ اسلام آباد میں 719، سندھ میں 600، خیبرپختونخوا میں 325، گلگت بلتستان میں 276 اور بلوچستان میں 69 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں ۔شعبہ وار جائزے میں آئی ٹی اور ای کامرس سیکٹر سب سے نمایاں رہا ۔ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا ہے کہ کمپنی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ دستاویزی معیشت، کاروباری اعتماد اور ڈیجیٹل ریگولیٹری اصلاحات کی جانب مثبت پیش رفت کا مظہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں