تاریخ میں پہلی بارفشریز برآمدات 50کروڑ ڈالر سے متجاوز، جنید انوار

تاریخ میں پہلی بارفشریز برآمدات 50کروڑ ڈالر سے متجاوز، جنید انوار

عالمی منڈیوں میں پاکستانی سی فوڈ کی طلب بڑھنے سے برآمدی ہدف حاصل، وفاقی وزیر چین بدستور سب سے بڑی سی فوڈ مارکیٹ، یورپی یونین منڈیوں میں بھی بہتری، گفتگو

کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان کی فشریز مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار فشریز برآمدات 50 کروڑ ڈالر کی حد عبور کر گئی ہیں، جو اس شعبے کی تیزی سے ترقی اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی طلب کا مظہر ہے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مالی سال 26-2025کے لیے مقرر کردہ 50 کروڑ ڈالر کا ہدف مقررہ وقت سے 46روز قبل ہی حاصل کر لیا، وزیر بحری امور کے مطابق موجودہ رفتار برقرار رہی تو پاکستان کی مجموعی سی فوڈ برآمدات رواں مالی سال کے اختتام تک 80 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے ، جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ چین بدستور پاکستان کی سب سے بڑی سی فوڈ مارکیٹ ہے ، جہاں پاکستانی مچھلی اور دیگر سمندری مصنوعات کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے ، جبکہ تھائی لینڈ، جاپان اور یورپی یونین کی منڈیوں میں بھی نمایاں بہتری آئی۔ انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ پاکستانی سی فوڈ نئی عالمی منڈیوں میں بھی اپنی جگہ بنا رہی ہے ، اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ، یعنی جولائی تا دسمبر، فشریز برآمدات میں 21.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ثابت مچھلی سب سے بڑی برآمدی کیٹیگری بن کر سامنے آئی،جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں خاصی طلب ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فشریز سیکٹر کی ترقی کیلئے جدید پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور معیار کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معیار مزید بہتر کیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں