کراچی میں جیولرز شاپ پرایف آئی اے چھاپہ افسوسناک، ہارون میمن

کراچی میں جیولرز شاپ پرایف آئی اے چھاپہ افسوسناک، ہارون میمن

ڈاکوؤں کی طرح دکان میں گھس کر بغیر پوچھ گچھ مارپیٹ اور تشدد کیا گیا، تاجر رہنما وفاقی وزیر داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں، بیان

سکھر(بیورو رپورٹ)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ صدر کراچی میں جیولرز کی دکان پر ایف آئی اے کی جانب سے ناجائز چھاپہ مارا گیا اور بغیر کسی پوچھ گچھ کے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔حاجی محمد ہارون میمن نے اس واقعے کو قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دن دہاڑے ڈاکوؤں کی طرح دکانوں میں گھس کر تاجروں کے ساتھ مار پیٹ کرنا انتہائی قابلِ افسوس عمل ہے ۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے عثمان انور سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تاجروں کے لیے یہ دعویٰ تو کرتی ہے کہ وہ ان کے لیے بہت کچھ کر رہی ہے ، مگر حقیقت یہ ہے کہ ادارے تاجروں پر تشدد اور انہیں ہراساں کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تاجروں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ایسے واقعات کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچائے اگر ایسا نہ ہوا تو تاجر اپنا سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں