پاکستان اور فلپائن کا اقتصادی روابط مضبوط بنانے پر زور
فلپائن ایشیا کی بڑی صارف مارکیٹس تک رسائی فراہم کرتا ہے ، سفیر ایمانوئل
اسلام آباد(اے پی پی)فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنانڈیز نے اسلام آباد چیمبر کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سفیر نے فلپائن کو سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک اور آسیان مارکیٹس تک رسائی کا اہم گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلپائن اپنی اسٹریٹجک جغرافیائی لوکیشن کے باعث ایشیا کے قلب میں واقع ایک اہم تجارتی مرکز ہے ۔ انہوں نے تفصیلی پریذنٹیشن کے ذریعے فلپائن کی معاشی طاقت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا اور کہا کہ فلپائن دنیا کی بڑی صارف مارکیٹس تک رسائی فراہم کرتا ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بے شمار امکانات موجود ہیں۔انہوں نے مینوفیکچرنگ، قابلِ تجدید توانائی، زرعی کاروبار، آئی ٹی، صحت، سیاحت، رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فلپائن کا سفارت خانہ بالخصوص آئی سی سی آئی کے اراکین کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرے گا۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود نے براہِ راست رابطوں، تجارتی وفود کے تبادلوں اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی فلپائن کے سفارت خانے کے ساتھ مل کر تجارتی روابط کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔