پاکستان نے بلاک چین پر مبنی منصوبے میں شمولیت اختیار کر لی
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان نے عالمی تجارتی نظام میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبے میں شمولیت اختیار کر لی ہے جسے ماہرین مستقبل کی تجارت کیلئے گیم چینجر قرار دے رہے ہیں۔
ایف بی آر کے ماتحت پاکستان سنگل ونڈو ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں منعقدہ ستائس ویں ریجنل ہیڈز آف کسٹم کانفرنس کے موقع پرپاکستان نے بلاک چین پر مبنی ویلڈ اے پی پراجیکٹ کے پائلٹ مرحلے میں شامل ہونے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ،اس منصوبے کی میزبانی ہانگ کانگ چائنا کسٹمز کر رہا ہے جبکہ اس اقدام کے ساتھ پاکستان ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن کے ایشیا پیسیفک خطے کے 35 رکن ممالک میں پہلا ملک بن گیا ہے جس نے اس جدید منصوبے میں رضاکارانہ شرکت کی معاہدے پر دستخط پاکستان کسٹمز کی نمائندگی کرتے ہوئے ہی ایس ڈبلیو کے چیف ڈومین آفیسر نوید عباس اور ممبر کسٹمز (آپریشنز)سید شکیل شاہ نے کیے ۔ اس پیشرفت کا بنیادی مقصد سرحد پار تجارتی دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو جدید بنانا اور بلاک چین کے ذریعے ریگولیٹری کمپلائنس سرٹیفکیٹس کی محفوظ اور شفاف توثیق کو یقینی بنانا ہے۔