روئی کی نئی فصل کے بھاؤ میں مندی، 14سو روپے من نرخ گرگئے

روئی کی نئی فصل کے بھاؤ میں مندی، 14سو روپے من نرخ گرگئے

عید کے بعد کاروبار میں نمایاں کمی، 23ہزار کے بجائے 21600میں خریداری 15جون تک سندھ میں 10جننگ فیکٹریاں جزوی طورپر شروع ہونے کے امکانات

کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد جزوی طور پر شروع ہونے والے کاروبار میں روئی کے بھاؤ میں فی من 1400 روپے کی نمایاں کمی کے بعد روئی کا کاروبار فی من 21600 روپے کے بھاؤ پر ہوا، اس سے قبل 23000 روپے کے بھاؤ پر کام ہوا تھا۔ 3 جون کی ڈلیوری کی شرط پر تقریباً 2000 گانٹھوں کا کاروبار فی من 21600 تا 21800 روپے میں طے پایا جبکہ پھٹی کے 40 کلو کے بھاؤ میں بھی تقریباً 1000 تا 1500 روپے کی کمی واقع ہوئی۔ اسی طرح بنولے کا بھاؤ بھی کم ہوا۔ 15 جون تک سندھ میں تقریباً 10 جننگ فیکٹریاں جزوی طور پر شروع ہونے کے امکانات ہیں۔بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں بھی روئی کے بھاؤ میں کمی کا رجحان ہے ، نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھاؤ کم ہو کر فی پانڈ 76 سے 78 امریکن سینٹ کے درمیان چل رہا ہے ، ٹیکسٹائل ملز کا کہنا ہے کہ کاٹن یارن کی موجودہ قیمت 18500 تا 19000 روپے تک مناسب ہے ، اس حساب سے روئی کا بھاؤ بھی کم ہو کر فی من 20000 روپے تک آسکتا ہے ۔

روئی کی پیداوار میں مسلسل تشویشناک حد تک کمی سے ٹیکسٹائل ملز کو درآمدی روئی پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔ علاوہ ازیں خوردنی تیل کی درآمد بھی بڑھ جاتی ہے ، ہر سال روئی کا نیا سیزن شروع ہوتا ہے اس سے قبل ہر طرف سے کاٹن ریوائیول بحالی کی صدائیں گونجتی ہیں، لیکن بعد ازاں کاٹن کی بے حالی دیکھی جاتی ہے اس کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے !؟ PCGA کی جانب سے جننگ فیکٹریوں پر عائد ٹیکسوں کی بھرمار کے متعلق آواز اٹھائی جاتی ہے ۔ اس سال بھی PCGA کے چیئرمین شام لال منگلانی اور ان کے وفد نے وزیر خزانہ محمداورنگزیب سے ملاقات کر کے جنرز پر ٹیکس پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے ، ہو سکتا ہے آئندہ 5 جون کے جاری ہونے والے بجٹ میں اس کے متعلق مثبت اقدام کیے جائیں۔ سندھ میں نئی فصل کی روئی کے بھا میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے روئی کافی من بھا 21600 تا 21800 روپے چل رہا ہے پھٹی کا بھا بھی کم ہو کر فی 40 کلو 10500 تھا 11000 روپے ہو گیا ہے ۔ بنولہ کے بھاؤ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔ایویکیو پراپرٹی ٹرسٹ بورڈ ETPB نے 12 دسمبر 2025 سے کاٹن ایکسچینج کی بلڈنگ پر FIA کی مدد سے قبضہ کیا ہوا ہے جس سے انتہائی اہمیت کا حامل ڈیلی کاٹن اسپاٹ ریٹ جاری نہیں کیا جاسکتا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی روئی کے بھاؤ میں نمایا کمی واقع ہوئی۔ نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھا کم ہو کر فی پانڈ 76 تا 75 امریکن سینٹ کی نیچی سطح پر آگیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں